صنعا: (اے یو ایس)یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد نے ہفتے کو علی الصبح ایک اعلان میں بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی سمت داغے جانے والے ایک بارودی ڈرون طیارے کو فضا میں تباہ کر دیا۔ یہ ڈرون طیارہ یمن میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا تھا۔عرب اتحاد نے باور کرایا کہ دہشت گرد حوثی ملیشیا مملکت میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ اتحاد کا مزید کہنا ہے کہ وہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو دشمن کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ چند روز قبل سعودی شہری دفاع کے ادارے نے اعلان کیا تھا کہ یمن میں حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے جانے والے کئی راکٹ مملکت کے صوبے جازان میں ایک سرحدی گاو¿ں پر گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یاد رہے کہ ایران نواز حوثی ملیشیا نے حالیہ عرصے میں سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ان کوششوں پر کئی عرب اور مغربی ممالکت کی جانب سے مذمت سامنے آئی ہے۔