صنعا: (اے یو ایس)یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے قائم عرب اتحاد نے یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر 8 ڈرون طیاروں اور 3 بیلسٹک میزائلوں سےکیے حملے ناکام بناتے ہوئے مملکت کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب پر جمعرات کے روز بیلسٹک میزائلوں اور بمبار ڈرون طیاروں کی مدد سے حملہ کیا گیا تاہم دشمن کا یہ حملہ ناکام بنا دیا گیا۔عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب پر حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب مملکت میں عیدالفطر کے ایام چل رہے ہیں۔
حوثیوں کے حملے دینی شعائر کی توہین اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔گذشتہ سوموار کو حوثی ملیشیا نے جنوبی بحر الاحمرمیں ایک بمبار کشتی کے ذریعے سعودی عرب پر حملے کی کوشش کی گئی تھی تاہم عرب اتحاد نے بمبار کشتی کو تباہ کردیا تھا۔عرب عسکری اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی روزانہ کی بنیاد پر جاری ریشہ دوانیاں بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے خطرہ اور اقوام متحدہ کی زیر نگرانی طے پانے والے اسٹاک ہوم معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔