صنعا:(اے یو ایس ) یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب مغربی ساحل پر سرکاری فوج کو کمک بہم پہنچانے کے واسطے حوثی ملیشیا پر فضائی حملے کیے۔العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کے ذرائع کے مطابق ان حملوں میں مغربی ساحل کے علاقے میں حوثی ملیشیا کو جانی اور مادی نقصان اٹھانا پڑا۔
مذکورہ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اتحادی طیاروں نے جن علاقوں میں کارروائی کی ہے وہ “اسٹاک ہوم معاہدے” میں شامل علاقوں سے باہر ہیں۔یاد رہے کہ عرب اتحاد نے اتوار کے روز صراوح اور البیضا میں حوثی ملیشیا اور اس کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کی تصاویر جاری کی تھیں۔ ان کارروائیوں میں 80 سے زیادہ حوثی مارے گئے۔
ذرائع نے العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کو بتایا کہ عرب اتحاد کی فضائیہ نے مارب کے مغرب میں البلق پر حوثیوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ اس دوران میں حوثیوں کی 6 عسکری گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور 80 سے زیادہ جنگجو ہلاک ہو گئے۔