ریاض: (اے یو ایس )عرب کے قانون ساز ادارے عرب پارلیمنٹ نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور یروشلم میں رومیوں کے ہاتھوں بیت المقدس کی تباہی کی برسی تشعا باٰب مناتے ہوئے مسجد اقصیٰ پر یہودی آبادکاروں کی یلغار کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کارروائی کرنے اور ہنگامی اجلاس بلانے کی پر زور اپیل کی ۔
واضح ہو کہ ایک رپورٹ کے مطابق جمعہ سے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں10 بچے سمیت کم از کم41 لوگ شہید اور 265 زخمی ہوگئے۔ اسرائیل کی طرف سے غزہ کے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے اسرائیلی قابض اتھارٹی پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں وہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی لوگوں کے لیے خطرناک جنگ دیکھ رہے ہیں۔
عرب پارلیمنٹ نے غزہ پر بمباری کو بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔دوسری جانب بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی نے اسرائیل پر فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے فائر کیے جانے والے راکٹ اور غزہ میں اسرائیلی بمباری کو رپورٹ کیا ہے۔عرب پارلیمنٹ نے بین الاقوامی برادری سے کہا ہے کہ اس معاملے میں مداخلت کرے تاکہ فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے اور فلسطینی بچوں اور خواتین کو جارحیت سے تحفظ فراہم کیا جائے۔
