نئی دہلی: دفاعی ذرائع کے مطابق کڑاکے کی سردی پڑنے سے پہلے پہلے ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں دہشت گردوں کو داخل کرنے کی پاکستانی فوج کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے ہندوستانی فوج نے پاک مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ہدف بناکر بڑے نپے تلے حملے کیے۔فوج نے کہا کہ جمعرات کے روز لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔
ذرئع نے سرحد پار سے دہشت گردی کی حالیہ کوششوں پر کہا کہ پاکستان میںپس پردہ دہشت گردانہ کارروائیاں کرانے والی سرکاری عہدیداروں نے عالمی انسداد دہشت گردی نگراں تنظیم فنانشیل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی جانچ پڑتال سے بچنے اور جموں و کشمیر میں بدامنی پھیلانے کے مقصد سے دہشت گردی کی مدد کرنے کے درمیان ایک توازن پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔
فوج نے کہا کہ ہندوستان نے جمعرات کے روز کیے گئے حملوں کی رپورٹیں 13نومبر کو کیے جانے والی فائر بندی خلاف ورزیوں کے تجزیہ کی بنیاد پر ہیں۔ بڑے پیمانے پر بدامنی پھیلانے کے لیے پاکستان نے جمعہ کے روز شمالی کشمیر میں ایل او سی سے متصل کئی علاقوں میں زبردست گولہ باری کی ۔جس میں 5ہندوستا نی فوجی اور4غیر فوجی ہلاک ہو گئے۔
فوج نے سخت جوابی کارروائی کی اور توپ شکن رخی میزائیلوں اور آرٹیلری بندوقوں سے کئی پاکستانی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم8پاکستانی فوجی ہلاک اور12دیگر زخمی ہو گئے۔گذشتہ چند ہفتوں میں پاکستانی فوج نے جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کو گھسانے کے لیے ایل او سی سے لگے علاقوں میں رہائش پذیر غیر فوجیوں کو نہایت جارحانہ انداز میں نشانہ بنا کر زبردست اندھا دھند فائرنگ کی۔
ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی فوج زیادہ تر پاکستانی اور غیر ملکی دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ان کے ٹھکانوں کو ہدف بنا کر حملے کر رہی ہے۔