Arshad Madani elected President of Jamiat Ulama-i-Hindتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی: جمیعت علمائے ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی کو منگل کے روز تنظیم کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں دوبارہ صدر منتخب کر لیا گیا۔

واضح ہوکہ ملک کے موجودہ حالا ت کے پیش نظر پیر کے روز مرکزی دفتر جمیعت علما ء ہند کے مفتی کفایت اللہ میٹنگ ہال میں مولانا ارشد مدنی کے زیر صدارت مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ملک کے موجودہ حالات اور قانون وانتظام کی بد تر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور ساتھ ہی دوسرے اہم ملی اور سماجی ایشوز پر خاص کر تعلیم اور مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی پر تفصیل سے غور وخوض ہوا۔ اس اجلا س میں ممبران نے تمام مسائل پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔

ایجنڈے کے مطابق میٹنگ میں جمیعت علماء ہند کے عہدہ صدارت کے لیے ریاستی جمعیتوں کی مجلس عاملہ کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا، تمام ریاستی یونٹوں نے متفقہ طور پر صرف حضرت مولانا ارشد مدنی مدظلہ کے نام کی سفارش کی۔

لہٰذا مجلس عاملہ نے جمیعت علماء ہند کی صدارت کے لیے مولانا ارشد مدنی کے نام کا اعلان کردیا۔اپنے انتخاب کے بعد مولانا ارشد نے امن و قانون کی بگڑتی صورت حال اور اہم قومی و سماجی مسائل بالخصوص تعلیم اور مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی پ سخت تشویش کا اظہار کیا۔ان کے انتخاب کے بعد جمیعت کی رکن سازی کی مہم کا بھی آغاز ہو گیا جو 9مارچ تا 31جولائی چلے گی۔ فی الوقت جمیعت کے ڈیڑھ کروڑ اراکین ہیں اور توقع ہے کہ اس سال اس میں مزید اضافہ ہوگا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مولانا ارشد جمیعت کے ساتویں بار صدر منتخب ہوئے ہیں ۔ عہدہ صدارت کی میعاد دو سال ہو تی ہے اور مولانا ارشد اپنے بڑے بھائی مولانا اسد مدنی کے انتقال کے بعد سے جمیعت کے صدر منتخب ہوتے آرہے ہیں۔ وہ 8فروری2006کو پہلی بار جمیعت کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *