اسلام آباد: (اے یو ایس ) پاکستان کی فوج کے خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلیجنس(آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) اسد درانی نے کہا کہ ادارے کے موجودہ سربراہ لیفٹینٹ جنرل فیض حمید کے حالیہ’نامناسب‘ دورہ کابل نے افواہوں اور مفروضوں کو جنم دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ طالبان حکومت کے حوالے سے حکومتی وزرا کے قبل از وقت بیانات کی کوئی ضرورت نہیں، بہتر ہو گا کہ وہ ‘اپنا منھ بند رکھیں۔’ان خیالات کا اظہار جنرل اسد درانی نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کیا۔ اسد درانی کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں کے خیال میں خطے میں پاکستان کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے یہ ضروری تھا کہ لیفٹینٹ جنرل فیض حمید کا دورہ عوامی سطح پر کیا جائے لیکن اس ملاقات کے ردعمل کا ایک غیر ضروری نتیجہ نکلا ہے۔ انھوں نے کہا ‘ڈی جی آئی ایس آئی کے پاس ایسی ملاقاتیں خاموشی سے کرنے کے کئی طریقے ہوتے ہیں۔’یاد رہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام کے بعد لیفٹینٹ جنرل فیض حمید نے رواں ماہ پانچ ستمبر کو کابل کا اچانک دورہ کیا تھا جس کی تصاویر بھی میڈیا کی زینت بنی تھیں۔
جنرل فیض حمید کے دورے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے اسد درانی کا کہنا تھا کہ اس دورے پر ایک گروہ نے پاکستان کے پنجشیر میں کردار کے متعلق افواہیں گھڑ لیں تو دوسری جانب اس مفروضے کو تقویت دینے کی کوشش بھی کی گئی کہ وہ افغانستان میں پاکستان کے کردار اور اس کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت کے لیے پہنچے تھے۔انھوں نے مزید تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملاقات پر طالبان کے ردعمل کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم اگر وہ جنرل فیض حمید کی جگہ ہوتے تو طالبان سے ملاقات کو عوامی سطح کی بجائے کسی اور طریقے سے انجام دیتے۔
افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے پر بات کرتے ہوئے اسد درانی کا کہنا تھا کہ اگرچہ طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنا ہو گا تاہم اسلام آباد کو یہ فیصلہ چین، ترکی، روس، قطر، ایران اور وسطی ایشائی ریاستوں سمیت خطے کے اہم ممالک اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر کرنا چاہیے۔انھوں نے پاکستان کی جانب سے طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کے معاملے پر تحمل کے مظاہرے کو سراہا ۔’واضح رہے کہ لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی 1990 سے 1991 تک پاکستانی فوج کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ رہ چکے ہیں جبکہ اس سے قبل 1988 سے 1989 میں انھوں نے ملٹری انٹیلیجنس کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔