جے پور: راجستھان کے شہر بھرت پور میں ایک ٹرک سڑک پر کھڑی بس میں گھس گیا جس میں 11 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فلائی اوور پر ایندھن ختم ہونے کے بعد بس رکی ہوئی تھی، اسی دوران پیچھے سے ٹرک اس سے ٹکرا گیا۔پولیس نے مزید بتایا کہ حادثے میں 5 مردوں اور 6 خواتین نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے وقت کچھ مسافر رکی ہوئی بس میں ہی سوار تھے جبکہ کچھ باہر کھڑے ہوئے تھے۔حادثے میں بچ جانے والے ایک شخص کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور اور کچھ مسافر بس کے پیچھے کھڑے تھے جب تیز رفتار ٹرک نے گاڑی کو ٹکر مار دی۔ بس کے باہر کھڑے لوگ ہلاک یا شدید زخمی ہو گئے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس نے کیس درج کر لیا ہے اور حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس حادثے کے بعد تمام پولیس اور انتظامی اہلکار اسپتال پہنچ گئے۔ صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر نے ٹویٹر پر لکھا کہ میں گجرات سے اتر پردیش جانے والے عقیدت مندوں سے بھری بس کے راجستھان کے ضلع بھرت پور میں حادثے کا شکار ہونے اور کئی مسافروں کے ہلاک ہونے کی خبر سے بہت غمزدہ ہوں۔ میں غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔
مودی نے ٹوئیٹر کے توسط سے لکھا کہ گجرات سے اتر پردیش جانے والے عقیدت مندوں سے بھری بس کے راجستھان کے ضلع بھرت پور میں حادثے کا شکار ہونے اور کئی مسافروں کی موت کی خبر سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ میں سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔انہوں نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ سے ہلاک شدگان کے لواحقین و دو دو لاکھ اور زخمیوں کو 50ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔