At least 13 killed in two road accidents in Karnataka and UPتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی:(اے یو ایس) جنوبی ہند کی ریاست کرناٹک اور وسطی ہند کی ریاست اتر پردیش کے بالترتیب ہبلی اور بلند شہر اضلاع میں سڑک حادثات میں کم ا زکم13افراد ہلاک اور تقریباً31زخمی ہو گئے۔بلند شہر ضلع مجسٹریٹ سی پی سنگھ نے بتایا کہ ضلع میں بدری ناتھ اور کیدارناتھ یاتریوں کو لے جانے والی ایک اسکارپیو کار منگل کو علی الصباح تقریباً 4.30 بجے بلند شہر میرٹھ ہائی وے پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ یہ واقعہ ہائی وے نمبر 235 پر بلند شہر کے برال گاو¿ں کے قریب پیش آیا۔ اس دردناک حادثے میں ایک خاتون اور دو بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 6 دیگر مسافر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ مرنے والوں کی شناخت ہاردک مہور (3 سال) اور ونش مہور (5 سال) ولد ہریندر، ساکن دیوی پورہ، بلند شہر، شالو (21 سال) بیٹی امیش کمار، ساکن دیوی پورہ، بلند شہر، ہمانشو اگروال (25 سال) ولد نیرج اگروال، رہائشی آواس وکاس، بلند شہر اور شکوہ آباد کے رہنے والے پارس (22 سال) ولد اوم پرکاش کے طور پر ہوئی ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ اور دیگر اعلیٰ انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے اور راحت اور بچاو¿ کام شروع کیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے مقامی اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ شدید زخمیوں میں ہریندر (31 سال)ولد روشن لال، ان کی بیوی رنکی (28 سال) اور بہن بیبی (11 سال) شامل ہیں۔ مرنے والے پارس کی بہن سنکی (27 سال) اور دامنی (20 سال) زخمیوں میں شامل ہیں۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو مناسب علاج فراہم کیا جائے۔ایک دوسرے سڑک حادثہ میں جو کرناٹک کے ہبلی دھارواڑ ضلع میں ہوا اس میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ دیر رات گئے 12.45 بجے ہبلی کے مضافات میں پونے-بنگلور قومی شاہراہ پر ترہال کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ بائی پاس پر اس وقت پیش آیا جب چاول کی بوریوں سے بھرے ٹرک اور نجی بس میں تصادم ہوا۔حادثے کے دوران بس پر سوار 6 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 2 نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کل 25 زخمی مسافروں کو ہبلی کے کے آئی ایم ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مرنے والوں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔پولیس نے کہا کہ ہلاک شدگان میں سے بیشتر مہاراشٹر کے کولہاپور سے بنگلورو جا رہے تھے۔ ہبلی دھارواڑ کمشنر لابھو رام نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ ہبلی نارتھ ٹریفک پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *