نور سلطان: قازقستان میں الماتے ہوائی اڈے کے قریب ایک فضائی حادثہ میں کم از کم15افراد ہلاک ہو گئے۔ الماتے ہوائی اڈے کے انتظامیہ کے مطابق اس طیارے میں 100افراد سوار تھے۔

زیڈ92100پرواز میں 93مسافر اور باقی عملہ تھا۔حادثہ میں بچ جانے والے مسافروں کو،جو زخمی حالت میں ہیں،جمعہ کی صبح رن وے کے قریب واقع المیریک گاؤں میں رکھا گیا ۔ان زخمیوں میں 22شدیدزخمی ہیں انہیں اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔

قازقستان کی شہری ہوا بازی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا کہ فوکر100طیارہ صبح صادق سے کچھ قبل ملک کے دارالخلافہ نور سلطان کے لے پرواز بھررہا تھا۔ لیکن ٹیک آف کرتے ہی اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ ایک دو منزلہ عمارت سے ٹکرانے سے پہلے کنکریٹ کی باڑ سے ٹکرا گیا۔

زندہ بچ جانے والوں میں سے ایک خاتون مسافر نے نیوز پورٹل ٹینگری نیوا کو بتایا کہ طیارہ کے عدم توازن کا شکار ہونے سے پہلے اس نے ایک بھیانک آواز سنی۔طیارہ ایک جانب جھکا پرواز کر رہا تھا۔ایک فلمی منظر لگ رہا تھا جس میں لوگوں کی سسکیاں، آہیں، اور چیخ پکار سنائی دے رہی تھیں۔

حکام ابھی یہ نہیں بتاسکے کہ اس حادثہ کاکیاسبب ہو سکتا ہے۔ شہری ہوابازی کمیٹی نے کہا کہ اس نے تحقیقات کیے جانے تک اس قسم کے طیاروں سے جانے والی تمام پروازیں معطل کر دیں۔

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایو ف نے حادثہ کے ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہا تعزیت کیا اور کہا کہ اس حادثہ کا جو بھی ذمہ دار پایا گیا اسے سخت ترین سزا دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *