بیجنگ:چین کے جنوب مغرب میں اتوار کے روز صبح 8بج کر دس منٹ پر ایک کوئلہ کان میں آگ لگ جانے سے کم از کم 16 افرا د ہلاک ہو گئے۔قومی دارالخلافہ بیجنگ سے تقریباً3600کلو میٹر کی دوری پر واقع پنژاؤ شہر کی حکومت نے اتوار کی رات اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ شانجیاؤشو کوئلے کی کان میں آگ صبح8بج کر 10 منٹ پر لگی۔ابتدائی تفتیش سے علم ہوا ہے کہ آگ کنویئر بیلٹ میں لگی تھی جس کی وجہ سے 16 افراد پھنس گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نقصان یا آگ لگنے کے اصل سبب کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں موصول ہوئیں۔نوٹس میں کہا گیا کہ ہنگامی خدمات کے عملے نے آگ پر بہت جلد قابو پاکر ایک بڑا حادثہ روک دیا اور اس حصہ کے درجہ حرارت کو معمول پر لے آئے۔ حکام کے مطابق کچھ گھنٹوں کی کوششوں سے آگ پر قابو پالیا گیا ۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین میں کوئلے کی کانوں میں اکثر و بیشتر آتشزدگی و دھماکوں کے حادثات ہوتے رہتے ہیں جس کا خاص سبب حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کرنا ہے۔