ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں ہفتے کے روز جھلکاٹھی صدر ضلع کے چھترکنڈہ کے علاقے میں ایک بس تالاب میں گرگئی جس میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہو گئے۔دی ڈیلی اسٹار اخبار کے مطابق پیر کے روز بشار اسمرتی پریبھان کی بھنڈاریا سے باریشال جانے والی بس میں ،جس میں 52 افراد کی گنجائش تھی ، 60 سے زیادہ مسافر سوار تھے۔یہ بس پیر کو صبح 9بجے بھنڈاریا سے روانہ ہوئی اور صبح تقریباً 10بجے باریشال۔کھلنا شاہراہ پر چھترکنڈہ کے مقام پر سڑک سے پھسل کر تالاب میں گر گئی۔جس میں تین بچوں سمیت 17افراد ہلاک ہو گئے۔
حادثے میں بچ جانے والے محمد مومن نے کہا کہ میں بھنڈاریا سے بس میں سوار ہوا، بس مسافروں سے بھری ہوئی تھی۔ کچھ مسافر کھڑے تھے۔ میں نے ڈرائیور کو سپروائزر سے بات کرتے ہوئے دیکھا اچانک بس سڑک سے پھسل کر گر گئی تمام مسافر بس کے اندر پھنس گئے۔
مومن نے مزید بتایا کہ بس زیداہ وزنی ہو جانے کے باعث فوراً ڈوب گئی تاہم میں کسی طرح بس سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق باریشال کے ڈویڑنل کمشنر ایم ڈی شوکت علی نے تصدیق کی کہ تمام 17 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے اور باقی زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا۔پولیس نے بتایا کہ متاثرین میں سے زیادہ تر لوگ فیروز پور کے بھنڈاریا اور جھلکاٹھی کے راجا پور علاقے کے رہائشی ہیں۔