بنگلورو: یہاں موصول سرکاری اطلاع کے مطابق ریاست کے چامراج نگر ضلع اسپتال میںآکسیجن کی قلت ہوجانے کے باعث گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مختلف اسپتالوں میں 24کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔چامراج نگر کے ڈپٹی کمشنر روی نے کہا کہ ان میں سے 23 مریضوں کی موت سرکاری اسپتال میں ہوئی جبکہ ایک دیگر مریض نے پرائیویٹ اسپتال میں دم توڑا۔
انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی موت اتوار کی صبح 8 بجے سے پیر کی صبح8 بجے کے درمیان ہوئی ہے۔اس کے علاوہ 11دیگر مریضوں کی موت مختلف طرح کی سنگین بیماریوں کی وجہ سے ہونے کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔مریضوں کی موت کی خبر پھیلتے ہی ان کے لواحقین سپتال میں جمع ہو گئے اور چامراج نگر ضلع اسپتال پر غم و اندوہ کی چادر تن گئی۔
ہر طرف سے آہ و بکا کی آوازیں آرہی تھیں۔ اسپتال میں مریضوں کے افراد خاندان نے اسپتال کی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ چامراج نگر ضلع انچارج وزیر ایس سریش کمار نے، جو وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم کے وزیر بھی ہیں کہا کہ انہوں نے اس سانحہ کی ضلع انتظامیہ کو ڈیتھ آڈٹ رپورٹ تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔