لیما: پیر اور منگل کی درمیانی شب ہونے والے سڑک حادثے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوگئے۔ جنوب مغربی پیرو کے ہوان کاویلیکا خطے میں یہ ہلاکت خیز حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس سڑک سے پھسل کر 200 میٹر گہری کھائی میں جا گری ۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ اندوہناک حادثہ صوبہ چرکیمپا کے پہاڑی علاقہ میںنصف شب میں تقریباً ڈیڑھ بجے پیش آیا۔
نیوز براڈکاسٹر ریڈیو پروگراماس ڈل پیرو کے مطابق ہلاک شدگان میں کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو ہوان کایو، پمپاس اور ایاکوچو شہروں کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ آنکو کے مئیر مینوئل زیوالوس نے ریڈیو اسٹیشن کو بتایا کہ اس علاقے میں برفانی تودے گرنے کے باعث کم از کم ایک ماہ سے سڑک کی حالت خراب ہے۔ ہونٹا اور صوبہ چورکیمپا کے شہروں سے آنے والے فائر فائٹرز کو جائے حادثہ بھیج دیا گیا۔ مقامی باشندے سب سے پہلے جائے وقوعہ پر پہنچے اور کچھ مسافروں کو بس سے زندہ نکال لیا۔