کابل: افغانستان کے صوبہ ارزگان کے مقامی حکام نے بتایا کہ ارزگان کے گیزاب ، خاس اور چورہ اضلاع میں حالیہ سیلاب میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ اروزگان کے نائب گورنر حکمت اللہ مزمل نے کہا کہ صرف خاص اروزگان ضلع میں ہی تقریباً 500,000 کلدور کو مالی نقصان پہنچا ہے۔دریں اثنا صوبے میں حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کا پانی ان کا تمام سامان بہا لے گیا وہ اب تہی دست ہیں ۔
محمد ولی نے، جو سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، کہا کہ وہ حکام اور انسانی ہمدردی کے اداروں سے استدعا کرتے ہیں کہ انہیں امداد بہم پہنچائی جائے انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس جو کچھ تھا سیلابی ریلا یا تو اسے بہا لے گیا یا وہ سیلاب کے پانی میں ڈوب کر تباہ ہو گیا ہے۔ متعدد مویشی بہہ گئے اور ہر چیز سیلاب کے ساتھ بہہ کر آنے والی منوںکیچڑ کے نیچے دب گئی ۔متاثرہ خاندان کے ایک رکن قدرت اللہ نے کہا کہ بہت سی دکانوں کا سامان سیلاب کی نذر ہو گیا وہ یات بہہ گیا یا جو رہ گیا وہ پانی میں ڈوبے رہنے سے برباد ہو گیا ۔
