اسلام آباد: صوبہ سندھ میں ایک ٹرین حادثے میں اس وقت کم از کم 33 افراد جاں بحق اور 80 زخمی ہو گئے جب راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ۔، جیو ٹی وی کے مطابق یہ حادثہ اتوار کو شہزاد پور اور نواب شاہ کے درمیان واقع سہارا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ ہزارہ ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی جارہی تھی۔ پاکستان ریلویز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمود رحمان نے کہاکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ حکام کے مطابق پٹری سے اترنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے ضلع بے نظیرآباد میں واقع پیپلز میڈیکل کالج اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریل حادثے میں ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
ضلع شہید بے نظیر آباد کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق 28 جاں بحق مسافروں کی شناخت ہوگئی ہے اور باقیوں کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ان کی لاشیں پیپلز میڈیکل کالج اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔اسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ریاض احمد عمرانی نے بتایا ہے کہ ان 33 لاشوں میں سے21 کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے اور باقی اسپتال میں ہیں۔ان میں سے دوکی باقیات ہیں جنھیں سرد خانے میں رکھا گیا ہے اور تاحال ان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔شہید بے نظیر آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر اسد اللہ ظاہری نے بتایا کہ حادثے میں 72 افراد زخمی ہوئے ہیں۔وزیرریلوے اور ہوا بازی خواجہ سعد رفیق کے مطابق یہ حادثہ اتوار کودوپہر ایک بج کر 18 منٹ پر پیش آیا۔ہزارہ ایکسپریس میں ایک ہزار کے قریب مسافر سفر کر رہے تھے۔خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ ٹرین مناسب رفتار سے سفر کررہی تھی اورمکینیکل خرابی یا تخریب کاری حادثہ کی وجہ بن سکتی ہے۔تاہم اصل سبب تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گا۔
حادثے کے بعد قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی پروٹوکول نافذ کر دیا گیا ہے۔ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں اور سکھر اور نواب شاہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ایف جی آئی آر (وفاقی حکومت کے انسپکٹر آف ریلوے) حادثے کے فوری بعد لاہور سے روانہ ہوگئے تھے اور وہ اس واقعہ کی تحقیقات کریں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مکمل تشخیص کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے گا۔دریں اثنا وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اس اندوہناک ٹرین حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا اور ریلوے حکام کواس حادثے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق مسافروں کے لیے مغفرت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا ہے انہوں نے زخمیوں کو ،جنہیں نواب شاہ کے پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، بہترین طبی سہولتیں مہیّا کرنے کی ہدایت کی۔
