قاہرہ : (اے یو ایس )جنوبی مصر میں ایک سینیئر سیکورٹی عہدیدار نے بتایا کہ ایک سرکاری بس پلٹ گئی جس میں کم از کم35افراد ہلاک اور ڈیڑھ درجن دیگر زخمی ہو گئے۔ایک عہدیدار نے جسے میڈیا سے بات کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا کہ یہ بس قاہرہ سے مینیا جارہی تھی کہ بے قابو ہو کر پلٹ گئی ۔
قبل ازیں مصری وزارت داخلہ کی طرف سے ہفتے کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ حادثہ مصر کے علاقے جزیرہ نما سینا میں دو بسوں کے درمیان ٹکرانے سے پیش آیا۔ جنوبی سینا کے سویز شہر کو ملانے والی شاہراہ پر پیش آنے والے اس حادثے میں 16افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ حادثے کے بعد13 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچیں جن میں زخمیوں کو اسپتال لایا گیا۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔