منیلا: ( اے یو ایس ) اتوار کے روز جنوبی فلپائن میں فلپائن فضائیہ کا ایک طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا جس میں50افراد ہلاک ہوگئے۔ سی 130-فوجی طیارے کو پیش آئے اس حادثہ کو فلپائن کی فوجی تاریخ کا اب تک کا بدترین فضائی حادثہ بتایا جارہا ہے۔فلپائن کی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ فضائیہ کے اس مال بردار طیارے میں کم از کم 92 افراد سوار تھے۔مسلح افواج کے سربراہ سیریلو سوبیجانا نے بتایا 40 سے زائد افراد کو ریسکیو کر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
سوبیجانا نے کہا ، ’امدادی کارکن جائے وقوعہ پر موجود ہیں ، ہم دعا کر رہے ہیں کہ مزید جانیں بچائی جا سکیں۔‘اطلاعات کے مطابق ایک سی ون تھرٹی طیارہ صوبہ سولو کے علاقے جولو میں اترنے کی کوشش کر رہا تھا جب یہ رن وے سے آگے نکل گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ پٹکول میں حادثے کے مقام سے سترہ افراد کی لاشیں ملی ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ، طیارے میں سوار بہت سے مسافروں نے حال ہی میں فوجی تربیت میں بیچلر ڈگری مکمل کی تھی اور انہیں مسلم اکثریتی خطے میں شدت پسندوں سے لڑنے والی ٹاسک فورس کے حصے کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔
جنوبی فلپائن میں بہت سارے شدت پسند گروپ موجود ہیں، لہذا بڑی تعداد میں فوجی وہاں موجود ہیں۔یہ ہوائی اڈہ سولو کے مرکزی شہر جولو کے ایک پہاڑی علاقے سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے ، جہاں فوج ابو سیاف نامی ایک شدت پسند گروہ سے لڑ رہی ہے۔ ان میں سے کچھ عسکریت پسندوں نے خود کو شدت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ سے منسلک کیا ہے۔
