At least 50 % Supreme Court of India staff test Covid positiveتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی: (اے یو ایس) ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بہ دن خطرناک شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔ ہر دن بڑی تعداد میں نئے کورونامعاملے سامنے آرہے ہیں۔ اس درمیان سپریم کورٹ سے بڑی خبر یہ بھی سامنے آرہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے 50 فیصد اسٹاف کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ایسے میں احتیاط کے طور پر سپریم کورٹ میں ہونے والی سبھی سماعت اب ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کی جائے گی۔ سبھی جج اس دوران اب گھر سے ہی کام کریں گے۔یہ بھی جانکاری سامنے آرہی ہے کہ پورے سپریم کورٹ احاطہ کو سینیٹائز کیا جارہا ہے۔ اس میں کورٹ روم بھی شامل ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے معاملہ کے بعد مختلف بینچ اب مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ کی تاخیر سے بیٹھیں گی اور سماعت کریں گی۔دریںاثناءایک جج نے اس معاملہ میں صاف طور پر کہا کہ میرا زیادہ تر اسٹاف اور کلرک کوورنا وائرس کی زد میں ہے۔ کچھ جج بھی پہلے کورونا متاثر ہوئے تھے ، لیکن اب وہ ٹھیک ہوچکے ہیں۔ادھر ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست مہاراشٹر ، چھتیس گڑھ ، اترپردیش اور پنجاب میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ مہاراشٹرمیں اسی عرصے کے دوران سب سے زیادہ 349 اموات ہوئیں ، اس کے بعد چھتیس گڑھ میں 122 ، اتر پردیش میں 67 اور پنجاب میں 59 مریضوں کی موت ہوئی۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طورپر 904 افراد لقمہ اجل بنے۔ دیگر ہلاکتیں 27 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہوئی ہیں۔پیر کو مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں1,68,912 نئے معاملے درج ہوئے ہیں ، جس سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 35 لاکھ 27 ہزار 717 ہوچکی ہے۔ اسی دوران 75،086 مریض صحت مند ہوئے جس سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 1،21،56،529 ہوچکی ہے۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 92،922 سے بڑھ کر مجموعی تعداد 12،01،009 ہو گئی ہے۔اسی عرصے کے دوران جان لیوا وبا سے مزید 904 اموات سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1،70،179 ہوگئی ہے۔ ملک میں کورونا سے شفایابی کی شرح 89.86 فیصد ، ایکٹیو کیسز کی شرح 8.88 فیصد اور اموات کی شرح 1.26 فیصد ہوگئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *