نئی دہلی:(اے یوایس) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سرکار سرحدی بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور فروغ کے لئے اپنی پوری قوت سے کام کررہی ہے۔ وہ اتوار کے روز ہماچل پردیش میں تاریخی اٹل سرنگ کا افتتاح کرنے کے بعد اظہار خیال کررہے تھے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ سرنگوں، عمارتوں، پلوں اور سڑکوں کی تعمیر بڑے پیمانے پر جاری ہے اور سرحدی بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی اور مسلح افواج کے فائدے کے لئے کام کئے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی سلامتی اور تحفظ سے بڑی سرکار کے لئے کوئی چیز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جدید ہتھیار بنانے کے لئے بہت سی اہم اصلاحات کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل انتظار کے بعد چیف آف ڈیفنس اسٹاف کو نظام کا ایک حصہ بنا یاگیا ہے۔ وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ ملک کی مسلح افواج کی ضروریات کے مطابق سازو سامان کی تیاری اور خریداری کے لئے بہتر تال میل قائم کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹل س±رنگ نہ صرف ہماچل پردیش بلکہ لیہہ اورلداخ کے لئے بھی ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگی۔
اِس سرنگ کی بدولت منالی اورلیہہ کے درمیان فاصلہ 46کلو میٹر ہوجائے گا اور سفر میں چار سے پانچ گھنٹے کم لگیںگے۔ 9 اعشاریہ صفر دو کلو میٹر طویل یہ سرنگ منالی کو لاہول اسپتی سے ملاتی ہے اوریہ راستہ پورے سال قابل استعمال رہے گا، جبکہ اس سے پہلے ہر سال شدید برفباری کی وجہ سے لگ بھگ 6 مہینے تک وادی ملک سے الگ تھلگ ہوجایا کرتی تھی۔ اٹل بہاری واجپئی سرکار نے روہتانگ درّے پر 3جون 2000 کو یہ اہم سرنگ بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور 26 مئی 2002کو اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔ دسمبر 2019 میں سرکار نے سابق وزیر اعظم اور اسکالراٹل بہاری واجپئی کے احترام میں روہتانگ سرنگ کا نام اٹل سرنگ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔