ایڈیلیڈ : آسٹریلیا نے ہفتہ کے روز ہندوستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں8وکٹ سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سریز میں 1-0کی سبقت حاصل کر لی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ڈے نائٹ میچ میں میزبا ن آسٹریلیا نے 90رنز کے ہدف کا تعاقب دو وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ افتتاحی بلے باز جو بنرس نے 51 رنز بنائے اور غیر مفتوح رہے۔ ساتھی افتتاحی بلے باز میتھیو ویڈ نے بھی 33 رنوں کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ہندوستان نے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز 62رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز شروع کی لیکن ابھی 15رنز ہی بنے تھے کہ اسکی نصف ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
ہندوستان کی اننگز کے لڑکھڑانے کا آغاز کمنس نے نائٹ واچ مین بمراہ اور پجارا کو لگاتار اووروں میں پویلین کی راہ دکھا کر کیا۔ بمراقہ صرف دو رنز بنا سکے جبکہ پجارا کھاتہ تک نہ کھول سکے۔ اس کے بعدجوش ہیزلوڈ ٹیم انڈیا پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے اور اور دیکھتے ہی دیکھتے محض36رنز بن کر ہندوستان کے 9وکٹ گر گئے۔
انہوں نے ایک ہی اوور میں مینک اگروال اور اجنکیا رہانے کو اور پھر لگاتار اووروں میں ہنومان وہاری، وردھمان ساہا اور رام چندر اشون کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو اس کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں قلیل ترین اسکور پر آؤٹ ہونے کی راہ پر ڈال دیا ۔
ان سے پہلے 14 ویں اوور میں کمنس کپتان کوہلی کو آو¿ٹ کر کے ٹیم اںڈیا کی ریڑھ کی ہڈی توڑ چکے تھے ۔ آسٹریلیا کی جیت کے ہیرو تیز گیندباز جوش ہیزلوڈ رہے، جنہوں نے محض 8 رن دے کر 5 اور کمنس نے 21 رن دے کر 4 وکٹ لئے۔
محمد شامی زخمی ہوکر پویلین لوٹ گئے اور ٹیم انڈیا کی اننگز36 رنوں پر سمٹ گئی۔ وکٹ کیپر اور کپتان ٹم پین کو 73رنز کی غیر مفتوح اننگز کی بدولت مین آف دی میچ قرار دیا گیاٍ۔