Australia says it will list Hamas as 'terrorist' groupتصویر سوشل میڈیا

سڈنی :(اے یو ایس)آسٹریلیا نے غزہ کی حکمران حماس کومکمل طورپر’دہشت گرد تنظیم‘قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے تحت اسلامی تحریک مزاحمت کی مالی معاونت پر پابندیاں عائدکی جارہی ہیں اوراس میں اس کی تمام شاخوں کا احاطہ کیا جائے گا۔اس سے قبل آسٹریلوی نے حماس کے صرف عسکری ونگ القسام بریگیڈز کو دہشت گرد قراردیا تھا لیکن اب نئی نامزدگی میں اس کی مکمل تنظیم کا احاطہ کیا جائے گا اور اس کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق آسٹریلیا فلسطینی گروپ حماس کوایک ‘دہشت گرد تنظیم’ کے طور پرپیش کرے گا۔اس میں اس کا سیاسی ونگ بھی شامل ہے۔اس طرح اب وہ برطانیہ، امریکا، اسرائیل اور دیگرممالک کی تقلید میں اس گروپ کی سیاسی شاخ کو بھی دہشت گرد قرار دے رہا ہے۔آسٹریلوی وزیرداخلہ کیرن اینڈریوز نے جمعرات کو حماس کے خیالات کو انتہائی پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں ان کے نفرت انگیزنظریات کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔اینڈریوزنے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ ہمارے قوانین نہ صرف دہشت گردی کی کارروائیوں اور دہشت گردوں کوہدف بنائیں بلکہ ان تنظیموں کو بھی نشانہ بنائیں جو ان کارروائیوں کی منصوبہ بندی اورمالی معاونت کرتی ہیں اور انھیں انجام دیتی ہیں ۔آسٹریلیا میں حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے بعد اس کی مالی معاونت یا دیگرحمایت پر پابندیاں عایدکی جائیں گی اور بعض جرائم میں 25 سال تک قید کی سزا ہو گی۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے2007 سے غزہ کی پٹی کی ناکا بندی کررکھی ہے۔تب حماس نے غربت زدہ غزہ میں اقتدار سنبھالا تھا اور اپنی سیاسی حریف جماعت فتح کے حامیوں کو علاقے سے نکال باہر کیا تھا۔فلسطینی پارلیمان میں بھی حماس کی اکثریت ہے لیکن اسرائیل کے مقبوضہ غربِ اردن کے علاقے میں صدرمحمود عباس کے تحت فلسطینی اتھارٹی کی حکومت ہے۔امریکا نے گذشتہ ایک طویل عرصے سے حماس کو دہشت گرد گروہ قرار دے رکھاہے۔یورپی یونین نے بھی فلسطینی جماعت کو دہشت گرد قراردیا تھا لیکن اس فیصلہ کو یورپی عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا اور یہ ایک طویل عدالتی جنگ کا موضوع رہا تھا۔اس کے نتیجے میں بالآخر حماس کا نام دہشت گرد گروپوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا تھا۔اینڈریوز نے ریاستی حکومتوں کو خط لکھا ہے کہ وہ حماس کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کو جلد حتمی شکل دیں۔

آسٹریلیا نے یہ بھی کہا کہ اس نے امریکامیں قائم انتہائی دائیں بازوکے انتہاپسند گروپ نیشنل سوشلسٹ آرڈر کو کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔اس کے بعد اس فہرست میں شامل گروپوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔نیشنل سوشلسٹ آرڈر، جسے پہلے ایٹم وافین ڈویژ ن کے نام سے جانا جاتا تھا،عالمی”نسلی جنگ اور جمہوری معاشروں کے خاتمے کی وکالت کرتا ہے۔آسٹریلیا کی جانب سے دہشت گرد تنظیم کے طور پر نامزد کیا جانے والاانتہائی دائیں بازو کا یہ تیسرا گروپ ہے۔آسٹریلیا نے 2018 میں امریکا میں تشکیل پانے والے نونازی سفید فام بالادست گروپ بیس کو گذشتہ سال دسمبر میں دہشت گرد تنظیموں میں شامل کیا تھا اور برطانیہ میں قائم سونین کریگ ڈو یژن کا نام اگست میں اس فہرست میں درج کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *