نئی دہلی: ہائی کورٹ نے دہلی میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات اور مہاجر مزدوروں کی نقل مکانی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت اور دہلی حکومت سے اسپتالوں میں بیڈ آکسیجن کی فراہمی کے بارے میں منگل تک جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ دہلی حکومت لاک ڈاؤن کے دوران دہاڑی پر کام کرنے والے مزدوروں اور مہاجر مزدوروں کو کھانے پینے کے انتظامات کرے۔
ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ آخری بار جب مرکز اور دہلی حکومت تارکین وطن مزدوروں کے معاملے میں بری طرح ناکام ہوچکی تھی اور 2020کے اوائل میں لگائے گئے لاک ڈاو¿ن کے موقع پر ان مزدوروں کی حالت سے سبق لیا جانا چاہئے۔اور اس سال پیش ہونے والے تکلیف دہ واقعات سے بچنے کیے دہلی حکومت کو مناسب اقدامات کرنے چاہئیں۔
بنچ نے مشاہدہ کیا کہ گذشتہ لاک ڈاؤن کے دوران سماجی تنظیموں نے پش رفت کی اور اس قسم کے ضرورت مندوں اور مزدوروں کو اشیائے خورد ونوش اور دیگر اشیائی ضروریہ کی فراہمی کی تھی۔دہلی حکومت کے وکیل راہل مہرہ نے جب یہ کہا کہ اس ضمن میں دہلی حکومت نے کئی مناسب اقدامات کیے تھے تو بنچ نے کہا کہ ہم اپنے ذاتی تجربے کی روشنی میں کہہ رہے ہیں کہ دہلی حکومت اس سمت ناکام رہی ۔
