نئی دہلی: مقبول ترین اداکار جوڑی عائزہ خان اور دانش تیمور دونوں نے پاکستان شوبز انڈسٹری میں اپنی صلاحیت کی بنا پر نام کمایا اور آج دونوں کی اپنی ایک پہچان ہے۔
حال ہی میں اداکار دانش تیمور نے ایک نجی ٹی وی کے ایک شو میں شرکت کی جس دوران انہوں نے اپنی اہلیہ عائزہ اور اپنے تعلق کے حوالے سے تمام باتیں بتائیں کہ آخر ان کے تعلق کا آغاز کب اور کیسے ہوا۔
میزبان نے دانش تیمور سے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی عائزہ سے فلرٹ کیا جس کے جواب میں دانش کا کہنا تھا کہ ’عائزہ سے تو پیار تھا، عائزہ وہ واحد لڑکی ہے جس کے ساتھ میں نے کبھی فلرٹ نہیں کیا‘۔
شو میں میزبان کے یہ پوچھے جانے پر کہ آپ نے کب سوچا کہ آپ کو عائزہ سے محبت ہے اور آپ نے کیسے انہیں بتایا؟ اس کے جواب میں اداکار دانش تیمور نے بتایا کہ ’میں نے عائزہ سے پہلی بات ہی یہی کی تھی کہ مجھے آپ سے شادی کرنا ہے، میں نے اس کو بولا ہی نہیں کہ مجھے آپ سے ملنا ہے‘۔
دانش نے انکشاف کیا کہ فیس بک سے پہلے ایک پلیٹ فارم ہوتا تھا جس کا نام’ اورکٹ‘ ہوتا تھا تو سب سے پہلے اس پر ہماری بات ہوئی تھی، شروع میں لڑائی بھی ہوئی، عائزہ میری مداح تھی اور بات بھی اسی طرح شروع ہوئی تھی کہ میں آپ کی فین ہوں اور مجھے آپ کا یہ شو بہت اچھا لگتا ہے۔
دانش تیمور نے کہا کہ مجھے ان سے بات کر کے ایسا لگا کہ یہ بہت سلجھی ہوئی خاتون ہیں اور ان کو شادی کے بعد میرے گھر میں ہونا چاہیے، پھر میں نے ان سے پوچھا کہ آپ مجھ سے شادی کریں گی جس پر ان کو پہلے یقین نہیں آیا۔
اداکار نے بتایا کہ عائزہ سے والدہ سے ملاقات کرانے کی درخواست کی اور پہلی بار عائزہ سے ملنے کی بجائے ان کی والدہ سے جاکر ملا۔واضح رہے کہ عائزہ خان اور دانش تیمور 2014 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جن کے ہاں 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی اور 2017 میں ان کا بیٹا پیدا ہوا تھا۔