باکو:(اے یوایس) آذربائیجان نے اپنی سرحد کے قریب روس کا جنگی ہیلی کاپٹر مار گرایا جس کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان ہلاک ہوگئے اور ایک زخمی ہوگیا۔آذربائیجان نے غلطی سے روسی طیارہ مار گرانے کا اعتراف کرلیا ہے اور اس واقعے پر معذرت بھی کی ہے۔
آذربائیجان نے اپنی سرحد کے قریب روس کے جنگی ہیلی کاپٹر ایم آئی 24 کو ائیر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے نشانہ بنایا۔خیال رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان نگورنو کاراباخ کے معاملے پر گزشتہ کئی ہفتوں سے جنگ جاری ہے اور دونوں جانب سے مسلسل جانی نقصان سامنے آرہا ہے۔دونوں افواج نے ایک دوسرے کے طیارے گرانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے جنگی ہیلی کاپٹر کو آذربائیجان کے پہاڑوں میں محصورہ خودمختار علاقے ’ناخچیوان خود مختار جمہوریہ‘ میں گرایا گیا جس کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔
آرمینیا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روس کا جنگی ہیلی کاپٹر یرہسخ نامی گاؤں میں گر کر تباہ ہوا ہے۔دوسری جانب آذربائیجان نے غلطی سے روسی طیارہ مار گرانے کا اعتراف کرلیا ہے اور اس واقعے پر معذرت بھی کی ہے۔
آذربائیجان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمینیا کی سرحد کے قریب روسی جنگی ہیلی کاپٹر کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا جس پر ہم معذرت خواہ ہیں، یہ ایک افسوس ناک حادثہ ہے اور اسے روس کیخلاف کوئی اقدام نہ سمجھا جائے۔خیال رہے کہ روس نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جاری جنگ میں ضرورت پڑنے پر آرمینیاکی مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے۔