کراچی: افتتاحی بلے باز اوشادا فرنانڈو کی غیر مفتوح سنچری کے باوجود پاکستان کے بولروں نے چوتھے روز ہی سری لنکا کو منزل سے اتنی دور روک دیا ہے کہ سوائے بارش کے اب کوئی بھی سری لنکا کو شکست سے نہیں بچا سکتا۔

کیونکہ پا کستان کو اب صرف تین وکٹ کی ضرورت ہے جبکہ سری لنکا کو جیت کے لیے مزید 264کی ضرورت ہے جو نہ صرف مشکل ہے بلکہ کرکٹ بائی چانس ہونے کے باوجود ناممکن ہے۔476رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولروں نسیم شاہ،محمد عباس اور شاہین آفریدی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض97اسکور پر سری لنکا کی نصف ٹیم کو پویلین بھیج دیا۔

لیکن فرنانڈو اور وکٹ کیپر نروشان ڈیکے والانے اننگز کو مزید لڑکھڑانے سے بچا نے کی جانب پیش رفت کی اور چھٹے وکٹ کے لیے سنچری پارٹنر شپ بھی کی لیکن ابھی نصف منزل بھی طے نہیں ہوئی تھی کہ حارث سہیل نے ڈیکے والا کو 201کے مجموعے پر صاف بولڈ کر دیا۔

ڈیکے والا نے 76گیندوں پر 65رنز بنائے اورایک کم درجن بھر چوکے لگائے۔چوتھے روز کے کھیل کے آخری لمحات میں نسیم شاہ نے دھیرووان پریرا کو بھی پویلین کا راستہ دکھا کر سری لنکا کے لیے میچ بچانے کی آخری امید بھی ختم کر دی۔ لیکن اس وقت تک فرنانڈو سنچری بنانے میں کامیاب ہو چکے تھے۔ وہ 175گیندوں پر 13چوکوں کے ساتھ102رنز بنا کر ابھی ناٹ آو¿ٹ ہیں۔

کشال مینڈس اور اینجلو میتھیوزصفر پر آو¿ٹ ہوئے جبکہ کپتان کرونا رتنے نے16،پریرا نے 5اور چنڈی مل نے 2رنز بنائے۔نسیم شاہ نے تین وکٹ لیے جبکہ شاہین آفریدی، محمد عباس، یاسر شاہ اور حارث سہیل کو ایک ایک وکٹ ملی۔اس سے قبل تیسرے روز افتتاحی بلے بازوں شان مسعود اور عابد علی کی سنچریوں اور ان دونوں کے درمیان ڈبل سنچری کی اوپننگ پارٹنر شپ کے بعد چوتھے روز کپتان اظہر علی اوربابر اعظم کی سنچری اور ان دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کی رفاقت میں بنے148رنز کی مدد سے پاکستان نے لنچ تک3وکٹ کے نقصان پر 555رنز بنا کر اننگز ڈکلیئرکر دی۔

پاکستانی بلے بازوں کی بربر یت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان نے تیسرے روز کی ناتمام اننگز 2وکٹ پر 395 سے شروع کی اور سری لنکائی بولروںکا حال چال پوچھتے ہوئے ایسی خبر لی کہ لنچ سے پہلے ہی 160رنز بنا ڈالے۔اس دوران اظہر علی اور بابر اعظم نے بھی سنچریاں مکمل کر لیں۔ اظہر علی 118رنز بنا کر503مجموعے پر آو¿ٹ ہوئے۔ انہوں 157گیندوں کا سامنا کیا اور 13چوکے لگائے۔جبکہ بابر اعظم نے 131گیندوں پر 7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری مکمل کی۔

یہی نہیں بلکہ پاکستان کے ٹاپ آرڈر کے چاروں بلے بازوں نے جس طرح سنچری بنائی اسی طرح انہوں نے سری لنکا کے ٹاپ آرڈ ر کے تین بولروں کی جانب سے رنز دینے کی کی بھی سنچری بنا دی۔جبکہ چوتھا بولر دل روان پریرا چھ رنز کے فرق سے سنچری برابر رنز دینے سے بال بال بچا۔ انہوں نے21اووروں میں94رنز دیے ۔7رنز کے ہی فرق سے لیستھ ایلبوڈینیا ڈبل سنچری برابر رنز دینے سے بچ گئے۔ انہوں نے50اووروں میں 193رنز دیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *