Baerbock uses scheduled airlines to visit Spainتصویر سوشل میڈیا

ماسکو:(اے یو ایس)جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک جرمن فوج کے کسی چارٹرڈ طیارے کے بجائے ایک عام مسافر پرواز کے ذریعے اسپین کے دورے پر روانہ ہو گئیں جہاں وہ دارالخلافہ میڈرڈ میں اپنے ہسپانوی ہم منصب سے مذاکرات کریں گی۔جرمنی میں عام روایت یہ ہے کہ وفاقی حکومت کے وزراءاپنے غیر ملکی دوروں کے لیے ملکی فوج کے چارٹرڈ طیارے استعمال کرتے ہیں۔ لیکن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے منگل کے روز اپنے دورہ اسپین کے لیے ایسے کسی چارٹرڈ طیارے کو استعمال کرنے کے بجائے ایک عام مسافر طیارے میں سفر کیا۔

برلن میں وفاقی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون وزیر خارجہ نے میڈرڈ کے اپنے دورے کے لیے چارٹرڈ طیارے کے بجائے معمول کی تجارتی پرواز کے ذریعے سفر کرنے کا فیصلہ دانستہ طور پر کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ اور ان کی ماحول پسند گرین پارٹی کی سوچ یہ ہے کہ فضا میں زہریلی کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے جہاں تک عملاً قابل عمل ہو، وہ اپنے دوروں کے لیے عام مسافر پروازوں ہی کا استعمال کریں گی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق بیئربوک اپنے اس دورے کے دوران ہسپانوی ہم منصب خوزے مانوئل الباریس کے ساتھ بات چیت میں دو طرفہ روابط اور یورپ کے لیے اہم خارجہ پالیسی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گی، جن میں یوکرائن اور روس کے مابین موجودہ بحران بھی شامل ہو گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *