دوبئی: چین کے صوبہ ہوبئی کے شہر ووہان سے نکل کر عالمگیریت اختیار کر نے والے کورونا وائرس سے بحرین میں بھی ایک موت ہو گئی ۔بحرین کی وزارت صحت کے مطابق اس مرض میں مبتلا ہو کر لقمہ اجل بننے والی خاتون ایک65سالہ بحرینی شہری ہے ۔بحرین پہلا خلیجی ملک ہے جہاں کورونا وائرس سے کسی کی موت ہوئی ہے۔ بحرین میں اب تک کورونا وائرس کے 214کیسز سامنے آچکے ہیں لیکن کسی مریض کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔خلیج میں زیادہ تر کیسز میں وہ لوگ ہیں جو ایران کا ، جہاں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 853اور مریضوں کی 14ہزار 991سے زائد بتائی جاتی ہے،سفر کر کے آئے تھے۔بحرین میں کورونا وائرس کے جن مریضوں کے ٹسٹ پوزیٹیو پائے گئے ہیں ان میں درجنوںوہ ہیں جنہیں گذشتہ ہفتہ بحرین کے حکام چارٹرڈ پروازوں سے ایران سے نکال کر لائے تھے۔ دریں اثنا ایران نے دو شنبہ کو مزید129افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی جس سے ایران میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 853ہو گئی۔ ترکی نے اپنے تمام 81صوبوں اورمتحدہ عرب امارات کے ملک دوبئی نے فوری طور پر مارچ اواخر تک تمام بار، لاو¿نجز اور نائٹ کلب بند کر دیے۔دوبئی کے معروف دوبئی پار براستی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ کوروناوائرس کے پیش نظر حکام کی ہدایت پر بار مارچ اواخر تک بند کر دیا گیا ہے۔ترکی میں 12نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن سے ترکی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر18ہو گئی۔