بلخ(افغانستان) : بلخ صوبہ کے ضلع بلخ میں منگل کی صبح مویشیوں کے ڈاکٹر کے مطب کے قریب ایک زبردست بم دھماکہ ہوا جس میں کم از کم دو افراد ہلاک اور35دیگر زخمی ہو گئے۔
یہ دھماکہ آئی ای ڈی سے پوری طرح بھری ہوئی ایک گاڑی سے کیا گیا۔شاہین ملٹری کور کے سربراہ محمد حنیف رضاعی کے مطابق تحقیقات کاروں نے رہائشی علاقہ کے قریب دھماکہ سے اڑجانے والی اس گاڑی کی شناخت کر لی اور بتایا ہے کہ یہ مزدا گاڑی تھی اور اس میں دھماکہ خیز مواد بھر اہوا تھا۔
حکومتی بیان کے مطابق مقامی وقت صبح پونے نو بجے یہ گاڑی ایک دھماکہ سے اڑ گئی جس سے ایک پرسکون صبح چیخ و پکار اور آہ بکا سے گونج اٹھی۔ ہر طرف گوشت کے لوتھڑے اور خون کے ڈوبرے نظر آرہے تھے۔دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ کئی رہائش گاہیں بھی تباہ ہو گئیں۔ دو افاد کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔جبکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہےجس سے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں سے ایک افغان کمانڈو ہے اور چھ کمانڈوز زخمی ہیں۔ وزارت دفاع کے عہدیداروں نے ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہار تعزیت و ہمدردی کیا اور مختلف اسپتالوں میں داخل کیے گئے زخمیوں کی جلد شفایابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور دعا کی۔ ابھی تک کسی گروپ یا تنظیم نے اس واردات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔