ڈھاکہ:(اے یو ایس ) بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ کے قریب ایک سٹوریج ڈپو میں آتشزدگی اور زبردست دھماکے کے ایک واقعے میں کم از کم 49 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔ چاٹگام شہر کے قریب سیتا کنڈ میں واقع ایک اسٹوریج ڈپو میں کئی شپنگ کنٹینرز میں آگ لگنے سے دھماکے ہوئے تو سیکڑوں لوگ وہاں آگ پر قابو پانے کے لیے پہنچے تھے۔
آگ لگنے کی وجہ تو ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کچھ کنٹینرز میں کیمیائی مادے تھے جو آتشزدگی کا سبب بنے۔علاقے کے ہسپتال زخمیوں سے بھرے ہوئے ہیں اور ہسپتال انتظامیہ نے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی ہے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
آگ سنیچر کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً رات نو بجے لگی تھی اور واقعے کے فوری بعد درجنوں فائر فائٹرز، پولیس اور رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔ جیسے ہی آگ بجھانے کے لیے مدد فراہم کی جا رہی تھی کہ اس دوران وہاں موجود چند کنٹینرز میں زور دار دھماکہ ہوا جس نے امدادی کارکنوں کو آگ کی لپیٹ میں لے لیا اور چند افراد دھماکے کے بعد ہوا میں اڑنے والے ملبے سے بھی زخمی اور ہلاک ہوئے۔
لاری ڈرائیور طفیل احمد نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ جہاں میں کھڑا تھا وہاں سے تقریباً 10 میٹر کے فاصلے پر جا گرا۔ میرے ہاتھ پاو¿ں جھلس گئے ہیں۔‘اتوار کی صبح رضا کاروں کو، جن میں سے کچھ نے پیروں میں صرف سینڈل پہنے ہوئے تھے، اٹھتے ہوئے دھوﺅں کے درمیان پڑے ملبے سے لاشیں نکالتے دیکھا گیا۔دھماکے میں کم از کم پانچ فائر فائٹرز بھی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ کئی صحافی جو دھماکے سے پہلے آگ کی رپورٹنگ کر رہے تھے لاپتہ ہیں۔
