ڈھاکہ: کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر بنگلہ دیش حکومت نے ایک ہفتے کے لئے پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔
بنگلہ دیش روڈ ٹرانسپورٹ کے وزیر عبیدالقادر نے پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا کہ حکومت نے پیر سے سات دن کے لاک ڈاو¿ن پر عمل در آمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم یہ حکم ہنگامی خدمات پر لاگو نہیں ہوگا۔
واضح ہو کہ بنگلہ دیش میں گذشتہ24گھنٹے کے دوران 7087نئے معاملے سامنے آئے جو ایک دن میں سب سے زیادہ ہیں۔جس سے بنگلہ دیش میں کوروناوائرس سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 37 ہزار 364 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں 53 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اب تک بنگلہ دیش میں کوروناسے ہلاکتوں کی تعداد 9266 ہوگئی ہے۔حکمران عوامی لیگ کے جنرل سکریٹری عبیدالقادر نے کہا کہ فیصلہ عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے لیا گیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شام 6بجے سے صبح 6بجے تک گھروں سے نہ نکلیں۔ نقل و حمل کے تمام ذرائع (خشکی ،آبی، ریل اورگھریلو پروازیں) اس دوران معطل رہیں گی ۔