نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے لئے منصوبہ تیار کر رہا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق پانچ میں سے 3 ریاستوں میں ایک تا دو اور دیگر ریاستوں میں دو سے تین اور چھ سے آٹھ مرحلوں میں الیکشن کرائے جا سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن تمل ناڈو،کیرلا اور پڈوچیری میں ایک مرحلے میں انتخاب کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔ جبکہ آسام میں 2 تا 3مرحلوں میں انتخابات کرائے جاسکتے ہیں۔دوسری طرف مغربی بنگال میں دو متبادل پر غور کیا جارہا ہے۔وہیں مغربی بنگال میں پانچ سے آٹھ مرحلوں میں الیکشن ہو سکتے ہیں۔ لیکن یہ امکان قوی بتایا جارہا ہے کہ ریاست میں 6 یا 7 مرحلے میں الیکشن کرائے جاسکتے ہیں۔
پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں اور مرحلوں پر الیکشن کمیشن 15 فروری کے بعد حتمی اعلان کرے گا۔اس دوران مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک ریلی میں عوام کو انتباہ دیا کہ بی جے پی کو اقتدار میں لانے کا مطلب فسادات کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا، ’اگر آپ فساد چاہتے ہیں تو پھر بی جے پی کو ضرور ووٹ دیجئے، لیکن آپ ممتا بنرجی کو شکست نہیں دے سکتے کیونکہ وہ اکیلی نہیں ہے۔ اس کے پاس لوگوں کی حمایت ہے، جب تک میں زندہ ہوں، بی جے پی کو یہاں آنے نہیں دوں گی’۔
