نئی دہلی:رواں سال 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی پریڈ میں ہندوستانی فضائیہ(آئی اے ایف) کی پہلی 3 خواتین فائٹر پائلٹوں میں سے ایک فلیٹ لیفٹیننٹ بھاؤنا کانت شامل ہوں گی۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب کوئی خاتون لڑاکا پائلٹ پریڈ کا حصہ بنیں گی۔وہ آئی اے ایف کی میز آوری دستہ کا حصہ بنیں گی جو’ میک ان انڈیا’ پہل کی نمائش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی ٹیلی ویژن پر یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھتی آئی ہیں اور یہ فخر کی بات ہے کہ اب وہ اس میں عملی طور پر حصہ بھی لے رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ رافیل اور سکھوئی سمیت دیگر لڑاکا طیاروں کو اڑانا پسند کریں گی۔فلیٹ لیفٹیننٹ کانت ہندوستانی فضائیہ کی3 خواتین لڑاکا پائلٹ کے پہلے بیچ کا حصہ تھیں جو 2016 میں شامل ہوئی تھیں۔
وہ میک ان انڈیا تھیم کے ساتھ آئی اے ایف کا حصہ بنیں گی جو ایل سی اے تیجس ، لائٹ کامبیٹ ہیلی کاپٹر ، روہنی راڈار ، آکاش میزائل اور سکھوئی 30 ایم کے آئی کے ماڈل کو دکھائیں گی۔ دریں اثنا نئے شامل کردہ رافیل لڑاکا طیارے کو رواں سال پہلی بار یوم جمہوریہ پریڈ میں پیش کیا جائے گا۔
ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف)نے پیر کو کہا کہ لڑاکا طیارہ ” ورٹکل چارلی ” تشکیل دے کر فلائی پاسٹ کا اختتام کرے گا۔پہلی بار ، یوم جمہوریہ کی پریڈ تاریخی لال قلعہ کے بجائے نیشنل اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوگی جس میں دیکھنے والوں کی تعداد بھی بڑی حد تک کم ہوکر 25000 ہوگئی ۔