بھوپال:(اے یوایس) بھوپال میونسپل کارپوریشن کے فائر سیفٹی محکمہ کے ایڈیشنل کمشنر کے ایس پریہار کے مطابق شہر کے کملا نہرو اسپتال نے ،جس میں آگ لگنے سے 4 نو زائیدہ ہلاک اور کئی جھلس گئے،نہ تو کبھی این او سی لیا اور نہ ہی آگ بجھانے کا برسوں پراناساز و سامان بدلا۔ وہاں آگ بجھانے میں فوری طور پر کام میں آنے والے تمام آلات و فائرایکسٹنگوئیشر بھی زمانہ پرانے تھے ۔ واضح ہو کہ آگ بھوپال میں واقع کملا نہرو اسپتال کی تیسری منزل پر لگی۔
اطلاعات کے مطابق آگ اسپیشل نیو بورن کیئر یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔فائر بریگیڈ کا عملہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پہنچ گیا جس نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔فتح گڑھ فائر اسٹیشن کے انچارج زبیر خان نے بتایا کہ آگ تیسری منزل پر واقع وارڈ سے جس میں آئی سی یو ہے، رات تقریباً9بجے لگی اور اطلاع ملتے ہی 8,10فائر انجن جائے وقوعہ پہنچ گئے۔
تیسری منزل پر لگی آگ کے سبب دوسری منزل پر بھی دھواں بھر گیا اور وہاں موجود مریضوں کو بھی دیگر مقامات پر شفٹ کرکے اسپتال کی عمارت کو تیزی سے خالی کرالیا گیا ۔وزیر اعلیٰ شو راج سنگھ چوہان نے نوزائیدوںکی ہلاکت پر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ حادثہ نہایت غمناک ہے۔ انہوں نے ہلاک شدگان کے لواحقین کو 4لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کے احکام جاری کر دیے گئے ہیں ا ور ایڈیشنل چیف سکریٹری ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن محمد سلیمان تحقیقات کریں گے۔