واشنگٹن:(اے یوایس) امریکا نے یمن کے حوثی باغیوں کو دہشت گرد تنظیم کی لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ فیصلہ انسانی بنیادوں پر کیا، سعودی سرزمین پر حملوں کے دفاع میں امریکا سعودی عرب کی مدد جاری رکھے گا۔
ترجمان پینٹاگون کے مطابق حوثیوں سے متعلق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے اقدام کا کانگریس کو بتا دیا ہے، فیصلہ مکمل طور پر انسانی بنیادوں کے تحت کیا گیا ہے، اس کا حوثیوں کے شہریوں پر حملے اور امریکیوں کے اغوا جیسے قابل مذمت اقدامات سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ امریکا سعودی سر زمین پر باغی حملوں کے دفاع میں سعودی عرب کی مدد اور حمایت جاری رکھے گا۔امریکا کے سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عہدہ چھوڑنے سے قبل ایران کا ساتھ دینے پر حوثی باغیوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
وزارت خارجہ کےایک عہدیدار نے بتایا کہ جامع جائزہ لینے کے بعد ہم یہ تصدیق کر سکتے ہیںکہ وزیر خارجہ انصار اللہ تنظیم کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے حذف کرنےکا فیصلہ کر چکے ہیں۔ انصار اللہ حوثیوں کے لیے استعمال کی جانے والی ایک اصطلاح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کانگریس کو وزیر خارجہ کے عندیہ سے آگاہ کر دیا ہے۔