واشنگٹن: (اے یو ایس )امریکی صدرجو بائیڈن نے روز یوکرین کے لیے نئی فوجی امداد کا جمعہ کے روز جو اعلان کیا ہے اس میں توپ خانے اور راڈار کا ساز و سامان بھی شامل ہے، لیکن اس اعلان کے ساتھ ہی انہوں نے انہوں نے خبردار بھی کیا کہ قیف کو ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے مختص کیے گئے فنڈز ختم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس سے اضافی فنڈز مختص کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
بائیڈن نے کہا کہ میں سیکیورٹی امداد کے ایک اضافی پیکج کا اعلان کر رہا ہوں جو یوکرین کو مزید توپ خانے، راڈار اور دیگر آلات فراہم کرے گا جبکہ ایک سینئر امریکی اہلکار کے مطابق یہ پیکج 150 ملین ڈالر مالیت کا ہے۔اہلکار نے وضاحت کی کہ امداد میں خاص طور پر155 ملی میٹردہانے والی توپ کے 25,000 گولے، روسی توپ خانے کے مقامات کا پتہ لگانے کے لیے اینٹی بیٹری ریڈار ڈیوائسز، اور کمیونیکیشن جیمرز شامل ہیں۔
بائیڈن انتظامیہ نے بھاری توپ خانے، اسٹنگر میزائل لانچرز، طیارہ شکن میزائلوں اور ڈرونز سمیت اب تک یوکرین کو 3.4 ارب ڈالرسے زیادہ مالیت کا اسلحہ بھیجا تھا۔جمعہ کو اعلان کردہ نئے امدادی پیکج کے اجراکے ساتھ ہی یوکرین کی مدد کے لیے مختص کیے گئے فنڈز ختم ہو گئے ہیں۔بائیڈن کانگریس پر زور دے رہے ہیں کہ وہ یوکرین کے لیے 33 ارب ڈالر کا ایک بڑا امدادی پیکج منظور کرے، جس میں 20 ارب ڈالر کی فوجی امداد بھی شامل ہے جو پانچ ماہ تک جاری رہے گی ۔
