کیف،(اے یو ایس )یوکرین میں روسی جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے شمالی بحر اوقیانوس کے معاہدے کی تنظیم (نیٹو) کے دفاع کے عزم کا اظہار کیا۔ امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے روسی صدر ولادیمیر پوتین کو یوکرین جنگ کا ذمہ دار قرار دیا۔مزید برآں امریکی سینیٹ نے منگل کے روزایک غیر معمولی اتحاد میں پوتین کو جنگی مجرم قرار دینے کی مذمتی کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کی۔ امریکی سینیٹ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا موقع ہے جب دونوں جماعتوں کے ارکان کسی ایک قرارداد پر متفق ہوئے ہیں۔ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم کی طرف سے پیش کردہ اور دو طرفہ سینیٹرز کی حمایت یافتہ یہ قرارداد ہیگ اور دیگر ممالک میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ وہ یوکرین پر روس کے حملے کے دوران ہونے والے جنگی جرائم کی کسی بھی تحقیقات میں روسی فوج کو نشانہ بنائیں۔
سینیٹ کے اکثریتی رہ نما چک شومر نے ووٹنگ سے قبل خطاب میں کہاکہ ”ہم سب، ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز اس کمرے میں یہ کہتے ہوئے شامل ہوئے ہیں کہ پوتین یوکرینی عوام کے خلاف ہونے والے مظالم کے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے منگل کے روز اعلان کیا کہ وہ یوکرین میں روسی فوجی آپریشن اور علاقائی سلامتی سے متعلق دیگر امور پر بات چیت کے لیے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کے لیے برسلز پہنچے ہیں۔آسٹن نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر مزید کہا کہ واشنگٹن نیٹو کی سرزمین کے دفاع کے لیے “پر عزم” ہے۔دوسری جانب یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے منگل کو کہا کہ انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب بلنکن سے فون پر بات کرتے ہوئے روس پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔کولیبا نے اپنے ٹویٹر اکاو¿نٹ کے ذریعے مزید کہا کہ بلنکن نے یوکرین میں جوہری تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا اور ماسکو پر واشنگٹن کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے نئے پیکج پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
