واشنگٹن :(اے یو ایس ) امریکی صدر جوبائیڈن ڈیلاویر ریاست کے ڈوفر ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں جمعرات کو کابل میں خود کش حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی لاشیں لائی گئی تھیں۔اس موقعے پرامریکی صدراور خاتون اول نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
وائٹ ہاؤس کی طرف سے مقتول فوجیوں کی لاشوں کے امریکا پہنچائے جانے سے متعلق اعلان کے ساتھ فرانسیسی خبر رساں ادارے’اے ایف پی‘ نے بتایا کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ہفتے کو امریکی صدر نے خبردار کیا تھا کہ جمعرات کو کابل ہوائی اڈے کے باہر ہونے والے حملے کی طرح افغانستان میں مزید خونیں حملے ہوسکتے ہیں۔
گذشتہ جمعرات کو کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے باہر ہونے والے دھماکوں میں 13 امریکی فوجیوں سمیت ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ان حملوں کی ذمہ داری ’داعش‘ نے قبول کی تھی۔کابل حملوں کے بعد امریکا نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ڈرن طیارے سے حملہ کرکے ’داعش‘ کے دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک اور تیسرے کو شدید زخمی کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
