واشنگٹن : امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن عراق کے سابق کمانڈرلائیڈ آسٹن کو وزیر دفاع نامزد کریں گے ۔
اس عمل سے وابستہ چار افسران بالا کے مطابق اگر سینیٹ نے اس کی توثیق کر دی تو آسٹن پنٹاگون کے پہلے سیاہ فام سربراہ ہوں گے۔
صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ جمعہ کو وزیر دفاع کے نام کا اعلان کریں گے۔ مسٹر بائیڈن نے پیر کو وزیر دفاع اور اٹارنی جنرل کے انتخاب کے پیش نظر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نامہ نگاروں کو بتایا ”میں وزارت دفاع سے متعلق اعلان جمعہ کو کروں گا۔“
توقع کی جارہی ہے کہ مسٹر بائیڈن بدھ کے روز اٹارنی جنرل کے نام کا اعلان کرسکتے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے نامہ نگاروں کے سوالوں کا واضح طور پر جواب نہیں دیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق محکمہ دفاع کی سابق سینیر پنٹاگون عہدیدار مچیل فلورنائے اور ریٹائرڈ آرمی جنرل لائیڈ آسٹن وزیر دفاع کی دوڑ میں پیش پیش تھے لیکن آخر میں بائیڈن نے آسٹن کو فلورنائے پر فوقیت دینا پسند کیا ۔
سابق وزیر داخلی سلامتی اور پنٹاگون کے ایک سابق چیف لیگل آفیسر جیہ جانسن کا نام بھی بائیڈن کے زیر غور رہا ۔67سالہ آسٹن نے امریکی فوج میں41سال خدمت انجام دی اور ان کے تقرر کی کانگریس کے کچھ اراکین کی جانب سے مخالفت کی جا سکتی ہے ۔
