Bihar Results 2020: Brand Modi's magic worked againتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی:(اے یو ایس)بہار میں اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت میں اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو ایک بار پھر اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔ اپوزیشن راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)، کانگریس اور بائیں بازو کے اتحاد کو خلافِ توقع شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مبصرین کے مطابق انتخابی مہم کے دوران ایسا لگ رہا تھا کہ حزبِ اختلاف کے اتحاد کا پلڑا بھاری ہے۔ ایگزٹ پول میں بھی ان کی کامیابی کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ جب کہ آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو کے وزیرِ اعلیٰ بننے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

نتیجے کا اعلان ہونے کے بعد آر جے ڈی اور کانگریس نے ووٹوں کی گنتی میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے ۔ لیکن الیکشن کمیشن نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔سینئر تجزیہ کار رئیس احمد لالی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ کرونا وبا، لاک ڈاؤن، بہار میں آئے سیلاب اور دیگر متعدد وجوہات سے عوام ریاستی اور مرکزی حکومت سے ناراض تھے۔ لیکن اس کے باوجود این ڈی اے کو کامیابی ملی۔ان کا کہنا تھا کہ این ڈی اے نے ذات برادری کے حساب سے امیدوار اتارے اور کچھ ایسی حکمت عملی بنائی جو ہر حال میں کامیاب رہی۔ان کے بقول نریندر مودی اور نتیش کمار نے اپنی کمیوں اور خامیوں کا اندازہ لگایا اور ان کے مطابق پالیسی اپنائی۔

ایک اور تجزیہ کار شاہیننذر کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ نریندر مودی کا جادو اب بھی برقرار ہے۔ حالاں کہ لاک ڈاون کے بعد بڑی تعداد میں مزدور پورے ملک سے بہار پہنچے تو ان کے اندر حکومت کے خلاف زبردست ناراضی موجود تھی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی کے جلسوں میں عوام کی زبردست بھیڑ اکٹھی ہوتی تھی۔ لیکن بہر حال وہ بھیڑ ووٹوں میں تبدیل نہیں ہو سکی اور حکومت کے خلاف ناراضی کا حزبِ اختلاف کے اتحاد کو فائدہ نہیں پہنچا۔

دونوں تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اسد الدین اویسی کی پارٹی نے متعدد نشستوں پر حزبِ اختلاف کے اتحاد کو نقصان پہنچایا۔ اگر وہ میدان میں نہ ہوتے تو نتائج کچھ اور ہوتے۔اسد الدین اویسی نے مسلم اکثریتی علاقے سیمانچل میں 20 امیدوار کھڑے کیے تھے۔جس میں سے اس کے پانچ امیدوار جیت گئے ۔ جبکہ این ڈی اے کو 125 نشستیں حاصل ہو ئیں۔ حکومت سازی کے لیے اسے 122 نشستوں کی ضرورت تھی۔آر جے ڈی کی قیادت میں اتحاد کو 110 اور دیگر کو آٹھ نشستیں ملی ہیں۔

پارٹی کے اعتبار سے دیکھیں تو بی جے پی کو 74، وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی جنتا دل یو کو 43، آر جے ڈی کو 75، کانگریس کو 19 اور سی پی آئی ایم ایل کو 12 نشستیں ملی ہیں۔اسد الدین اویسی کی جماعت ‘آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین’ نے پانچ نشستیں اپنے نام کی ہیں۔ 2015 میں اسے ایک نشست ملی تھی۔جب کہ 2015 میں بی جے پی کو 53 اور جنتا دل یو کو 71 جب کہ آر جے ڈی کو 80 نشستیں ملی تھیں۔اس بار دونوں محاذوں پر زبردست مقابلہ تھا۔

جب بدھ کی صبح ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی تو حزب اختلاف کے اتحاد کو سبقت حاصل تھی۔ لیکن وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی نشستیں کم اور این ڈی اے کی بڑھتی چلی گئیں۔شام کے وقت حزبِ اختلاف کے اتحاد نے پھر سبقت حاصل کی لیکن 18 گھنٹے تک جاری گنتی کے آخر میں این ڈی اے کو فتح حاصل ہوئی۔

ریاست کے نائب وزیرِ اعلیٰ سوشیل مودی اور متعدد بی جے پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عوام نے این ڈی اے کے ترقی کے ایجنڈے کو ووٹ دیا ہے اور انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے کاموں پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔نتیش کمار ایک بار پھر وزیرِ اعلیٰ کا حلف لینے والے ہیں۔ وہ گزشتہ 15 برس سے ریاست میں حکومت کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *