اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کےچیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ 11دسمبر کو جب اسلام آباد ہائی کورٹ میں طبی بنیاد پر داخل کی گئی درخواست ضمانت پر سماعت کی جائے گی تو سابق صدر پاکستان اور ان کے والد آصف علی زرداری کو انصاف مل جائے گا۔پی پی پی چیرمین نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پیمس) کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کو وہ تمام سہولتیں بہم پہنچائی جانی چاہئیں جن کا ہر شہری مستحق ہے۔
بلاول نے امید ظاہر کی کہ ان کے والد اور پھوپھی فریال تالپور کو جعلی بینک کھاتے کیس میں ضمانت مل جائے گی۔دونوں پی پی پی لیڈران جعلی بینک کھاتوں کے کیس کی جاری تفتیش کے باعث فی الحال جیل میں ہیں۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بلاول نے یہ بھی کہا کہ زرداری کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی اور انہیں امید ہے کہ ان کے والد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اس امر کی بھی توقع ہے کہ ان کے والد کو کراچی کے کسی اسپتال میں منتقل کردیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر نے انہیں بتایا ہے کہ طبی بورڈ نے ان کا طبی معائنہ کر لیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں دباؤ میں لینے کی سلیکٹڈ حکومت کی چالیں جاری ہیں،انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ اس سال ان کی والدہ بے نظیر بھٹو کے یوم وفات پر لیاقت باغ میں ایک اجتماع منعقد کیا جائے گا جہاں سلیکٹڈ حکومت کی پول کھولی جائے گی۔
بلاول نے کہا کہ نواز شریف کو سزا ہوجانے کے باوجود بیرون ملک بھیج دیا گیا اور زرداری مجرم قرار نہ دیے جانے کے باوجود جیل میں ہیں ۔واضح ہو کہ 3دسمبر کو آصف علی زداری نے طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی ۔
انہیں منی لانڈرنگ کیس میں،جس میں کروڑوں روپے ملک سے باہر منتقل کر دیے گئے تھے، درخواست ضمانت خارج کیے جانے کے بعدگرفتار کر لیا گیا تھا۔