واشنگٹن: (اے یو ایس)مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی اور مشہور ارب پتی کاروباری شخصیت بل گیٹس اور ان کی اہلیہ کی 27 سالہ عائلی رفاقت کے اختتام کے بعد ان کی سب سے بڑی بیٹی جینیفر گیٹس نے اپنے والدین کی طلاق پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے وہ والدین کی علیحدگی کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گی، تاہم اس فیصلے کے تناظر میں انھوں نے اظہار محبت اور ہمدردی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
گذشتہ دنوں عالمی ذرائع ابلاغ میں بل گیٹس اور ان کی اہلیہ کے علاحدگی کے فیصلے کی خبر سامنے آنے کے بعد جینفر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر والدین کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ بیان پر اپنا ردعمل دیا۔اپنی والدہ کو دی جانے والی طلاق پر بات کرتے ہوئے جینفر نے لکھا کہ “آپ میں سے بہت سے لوگوں نے میرے والدین کی علیحدگی کی خبر سنی ہے۔ ہمارے پورے کنبے کے لئے یہ مشکل وقت تھا۔ میں علاحدگی سے متعلق کسی بھی چیز پر ذاتی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گی۔ میں آپ کے خوبصورت الفاظ اور بے لوث محبت اور اپنائیت کو سمجھ سکتی ہوں۔ میری مراد پوری دنیا میں ہے”۔
بل گیٹس اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی اطلاع ”پیپل“ نامی امریکی میگزین کی ویب سائٹ پر دی گئی تھی۔ اس پر جینفر گیٹس کا کہنا ہے ”کہ وہ اب بھی سیکھ رہی ہے۔ اس وقت اور جذبات کی حالت میں وہ کنبہ کے ارکان کی مدد کرنے کے بہتر طریقے کی تلاش کر رہی ہے۔“جینیفر گیٹس کی عمر 25 سال ہے۔ ان کے بارے میں مشہور ہے کہ ان کے مصری نڑاد دوست نائل نصار کے ساتھ ان کی نسبت طے ہو چکی ہے۔ جینیفر نے گذشتہ برس انسٹا گرام کے ذریعے اپنی منگی کا اعلان کیا تھا۔ انسٹا گرام پر ان کے 4 لاکھ 60 ہزار مداح اور فالورز ہیں۔ نائل نصار نے بھی انسٹا گرام پر جینفر کے ساتھ ایک سیلفی شیئر کرتے ہوئے خود کو ”دنیا کا ایک خوش قسمت انسان“ قرار دیا تھا۔