BJP leader Gulam Rasool Dar, his wife shot dead by terrorists in J&K's Anantnagتصویر سوشل میڈیا

سری نگر: (اے یو ایس ) جنوبی ضلع اننت ناگ کے لال چوک میں پیر کو ملی ٹینٹوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وابستہ سرپنچ اور ان کی اہلیہ کا گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹس پیر کو سہ پہر کے وقت لال چوک علاقے میں واقع بی جے پی لیڈر و سرپنچ غلام رسول ڈار ساکن ریڈونی کولگام کی عارضی رہائش گاہ میں داخل ہوئے اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ حملے میں غلام رسول ڈار اور ان کی اہلیہ جوہرہ شدید زخمی ہوگئے۔ دونوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال اننت ناگ پہنچایا گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے تمام چیکنگ پوائنٹس کو متحرک کیا گیا ہے۔ اس دوران بی جے پی کشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غلام رسول ڈار بی جے پی کسان مورچہ کولگام کے صدر اور ایک سرپنچ تھے۔ انہوں نے غلام رسول اور ان کی بیوی کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہوں سے مارنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ادھر جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جن دو ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے انہوں نے حال ہی میں حزب کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر ڈی ایس پی آپریشنز کشتواڑ دویندر سنگھ بندرال نے فوج کی 17 آر آر اور سی آر پی ایف کی 52 بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم کے ہمراہ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین کی قیادت میں کارروائی انجام دیتے ہوئے تاندر دچھن علاقے سے حزب المجاہدین نامی ملی ٹینٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے والے دو ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے کچھ اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا اور علاقے میں تلاشی آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔ گرفتار شدگان کی شناخت یاور حسین ولد غلام رسول ساکن سندر تحصیل دچھن کشتواڑ اور عثمان قادر ولد غلام قادر ساکن تاندر دچھن کے بطور ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *