گوا: معروف ادکارہ، ٹک ٹاک اسٹار اور بگ باس14سے زبرداست شہرت پانے والی سونالی پھوگٹ گوا میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں ۔وہ41سال کی تھیں۔سونالی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مہلا مورچہ کی قومی نائب صدربھی تھیں اور انہوں نے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر ہریانہ کے اسمبلی حلقہ آدم پور سے چناؤ بھی لڑا تھا لیکن کانگریس کے امیدوار کلدیپ بشنوئی سے، جنہوں نے بعد میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی ، چناؤ ہار گئی تھیں ۔
بتایا جا رہا ہے کہ وہ بی جے پی لیڈروں کے ساتھ گوا گئی تھیں۔سونالی 21ستمبر 1979کو ہریانہ کے فتح آباد ضلع کے گاو¿ں بھوٹن کلاں میں ایک کسان گھرانے میں پیدا ہوئی تھیں ۔ ان کے والد ایک بڑے کاشتکار تھے ۔ سونالی کا ایک بھائی اور تین بہنیں ہیں۔ان کی ایک بہن کا نام سدیش پھوگٹ ہے۔ انہوں نے اپنے کیریر کا آغاز 2006میں حصار دور درشن کے لیے اینکرنگ کرنے سے کیا تھا۔
دو سال بعد 2008میں انہوں نے بی جے پی کی رکنیت حاصل کر لی۔اور اسی وقت سے سیاست میں سرگرم ہو گئیں۔سونالی نے پنجابی اور ہریانوی فلموں کے لیے بھی کام کر چکی ہیں۔2019میں انہوں نے فلم چھوریاں چھوروں سے کم نہیں ہو تیں میں اداکاری کی تھی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 6سال قبل ان کے شوہر سنجے پھوگٹ بھی ہریانہ کے شہر حصار میں واقع اپنے فارم ہاو¿س میں پر اسرار حالات میں مردہ پائے گئے تھے۔