جموں و کشمیر: کشمیر میں بی جے پی اراکین نے دہشت گردانہ حملوں کے دوران ہلاک ہونے والے کشمیری پنڈتوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پیر14ستمبر کو یوم شہادت کے طور پر منایا۔ یہ بلیدان دوس گذشتہ30سال کے دوران پہلی بار منایا گیا ہے۔14ستمبر دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے جانے والے پہلے کشمیر ی پنڈت ٹیکہ لال ٹپلو کا یوم وفات ہے۔
انہیں دہشت گردوں نے1989میں13ستمبر کی شب سری نگر میں ان کے گھر میں گھس کر ہلاک کر دیا تھا۔اننت ناگ میں بی جے پی یونٹ نے خراج عقیدت پروگرام منعقد کیا ۔لوگ سری نگر کے شیش ناتھ مندر میں جمع ہوئے اور شہیدوں کی تصاویر پر گلہائے عقیدت چڑھائے۔
نہ صرف کشمیری پنڈتوں بلکہ دیگر مذاہب کے لوگوں اور سلامتی دستوں نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔1989میں کشمیری دہشت گردوں نے ستمبر تا دسمبر تقریباً8کشمیری پنڈتوں کو ہلاک کر کے کشمیر پنڈتوں میں نفسیاتی خوف و ہراس دوڑا دیا تھا۔
جس کے بعد ہزاروں کشمیر ی پنڈتوں کو کشمیر سے فرار ہونے پر مجبور کر دیا گیا۔بی جے پی اننت ناگ یونٹ کے سینئر نائب صدر راکیش کول نے کہا کہ یہ بلیدان دوس ان شہیدوں کی یاد میں منایا جارہا ہے جو1990میں مارے گئے تھے۔آج ٹیکہ لعل ٹپلو کی برسی منائی جا رہی ہے ۔یہ پہلا موقع ہے کہ ہم کشمیر میں یہ دن منا رہے ہیں۔
اس موقع پر بی جے پی کے کلگام ضلع کے ترجمان وجے رینا نے کہا کہ ”ہم آج تمام شہیدوں کو ان کی قربانی کے لیے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ رینا نے مزید کہا کہ کشمیری پنڈت کشمیر واپس آنا چاہتے ہیں اور ہم دنیا بھر میں مقیم تمام کشمیریوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کشمیر واپس آجائیں کیونکہ اس سے پوری دنیا میں امن کا پیغام جائے گا۔