نئی دہلی:(اے یو ایس ) کانگریس نے ہماچل پردیش میں ہوئے ضمنی انتخابات میں کلین سوئپ کرتے ہوئے منڈی لوک سبھا اور تینوں اسمبلی سیٹیں جیت لیں جبکہ مغربی بنگال میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے آگے کسی پارٹی کی دال نہ گلی اور اس نے چاروں سیٹیں جیت لیں۔ ہریانہ میں انڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل ڈی) کے امیدوار ابھے چوٹالہ نے اپنے نزدیکی حریف بی جے پی کے گوبند کنڈا کو ایلن آباد سیٹ پر 6000ووٹوں سے ہرایا۔بہار میں جے ڈی یو نے کانٹے کے مقابلہ میں آر جے ڈی کو شکست دی ۔البتہ آسام میں بی جے پی کو شاندار کامیابی ملی اور اس نے بھبانی پور،میریانی اور تھورا اسمبلی سیٹیں جیت لیں جبکہ اس کی اتحادی پارٹی یو پی پی ایل نے تاملپور اور گوسائی گاو¿ں سیٹوںپر قبضہ کیا۔
ہماچل میںکانگریس نے چاروں سیٹوں پر کلین سویپ کر کے برسراقتدار بی جے پی کو زبردست جھٹکا دیا۔ اس ضمنی انتخابات میں بی جے پی دو مرتبہ سے لگاتار جیت رہی منڈی لوک سبھا سیٹ کو بھی نہیں بچا سکی ہے۔ہماچل کے وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر کے آبائی ضلع منڈی میں کانگریس کی جیت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ارکی ، فتح پور اور جبل کوٹکھائی میں بھی بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ موصول اطلاع کے مطابق منڈی میں بی جے پی کو کانگریس کی پرتبھا سنگھ سے ہار کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ منڈی پارلیمانی سیٹ سے کانگریس امیدوار اور 6بار کے سابق وزیر اعلیٰ ویربھدر سنگھ کی اہلیہ پرتبھا سنگھ 8766 ووٹوں سے الیکشن جیت گئی ہیں۔
انہوں نے 365650 حاصل کئے جبکہ ان کے قریب ترین حریف بی جے پی امیدوار و کارگل جنگ کے ہیرو بریگیڈیر کشال سنگھ ٹھاکر کو 356884 ووٹ ملے ۔جبل کوٹکھائی سیٹ سے روہت ٹھاکر ( کانگریس) کو 29447 ، چیتن براگٹا ( آزاد) کو 23344 اور نیلم سریک ( بی جے پی ) کو صرف 2584 ووٹ ملے ہیں۔ وہ اپنی ضمانت بھی نہیں بچا سکیں۔ اس کے علاوہ سمن کدم ( آزاد) کو 170 ووٹ ملے۔فتح پور سیٹ سے کانگریس امیدوار بھوانی سنگھ پٹھانیا 5789 ووٹوں سے جیت گئے ہیں۔ 24 ویں راونڈ کی گنتی کے بعد بی جے پی امیدوار بلدیو ٹھاکر کو 18660 ، بھوانی سنگھ پٹھانیا کو 24449 ووٹ ملے۔ یہاں ضمنی انتخابات میں 389 لوگوں نے نوٹا کا بٹن دبایا۔ارکی اسمبلی سیٹ ایک مرتبہ پھر سے کانگریس کی جھولی میں گری ہے۔ یہاں سے پہلے ویربھدر سنگھ ممبر اسمبلی تھے ، لیکن ان کی موت سے یہ سیٹ خالی ہوگئی تھی۔ اب سنجے اوستھی نے یہاں سے جیت حاصل کی ہے۔
