Blast in Mazar-e-Sharif Leaves Four People Injuredتصویر سوشل میڈیا

کابل: افغانستان میں جب سے طالبان کی اقتدار میں واپسی ہوئی اور امارات اسلامیہ کے نگراں وزراءپر مشتمل کابینہ تشکیل دی گئی جرائم خاص طور پر دہشت گردانہ حملوںاور مسجدوں میں خود کش دھماکوں کی واردارتوں میں روز افزوں اضافہ ہی دیکھنے میں آرہا ہے ۔ اور اگر یہ کہا جائے کہ آئے روز دن کا آغاز یا رات کا استقبال کسی نہ کسی صوبے میں بم دھماکے سے ہونا عام بات سی ہو کر رہ گئی ہے تو بے جا نہ ہوگا۔ ابھی کابل میں نمازیوں سے کھچا کھچ بھری ایک مسجد میں ہلاکت خیز خود کش دھماکے کی، جس میں کم از کم21افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے، باز گشت تھمی بھی نہیں تھی کہ ایک ہفتہ بعد ہی مزار شریف بم دھماکے سے گونج اٹھا جس میں چار افراد زخمی ہو گئے۔

جبکہ عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ6افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بلخ سیکورٹی کمانڈ نے اس ضمن میں کہا کہ بدھ کے روز مزار شریف میں ایک خود کش دھماکہ ہوا جس میں خودکش بمبار سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔بلخ محکمہ صحت عامہ کے ڈائریکٹر نجیب توانا نے کہا کہ آج (بدھ) مزار شریف میں جو دھماکہ ہوا اس میں زخمی چار افراد کو اسپتال لایا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔ ان میں سے ایک وہ زخمی بھی شامل ہے جو شاید یہ دھماکہ خیز مواد لیے ہوئے تھا۔اس مکی ٹانگیں اڑ گئی ہیں۔ابھی تک کسی تنظیم ، گروپ یا فرد نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔بلخ پولس کمان کے ترجمان آصف وزیری کے مطابق یہ دھماکہ بلخ گیٹ پر ہوا۔ وزیری نے کہا کہ ہمارے سلامتی دستے ایسے تخریب کار افراد کو تلاش کرنے میں سرگرمی سے لگے ہوئے ہیں۔ اور ہم بلخ کے عوام کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ تخریب کاروں کے ناپاک عزائم کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *