کابل: افغانستان کے پروان صوبہ کے بگرام میں واقع اصل امریکی فوجی اڈے کے باہر ایک خود کش بم دھماکہ میں کم از کم 5افراد زخمی ہو گئے۔

صوبہ پروان کے گورنرن کی ترجمان وحید شاہکار نے کہا کہ حملہ میں زخمی ہونے والے پانچوں افغان ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کے فوراً بعد حملہ آوروں اور غیر ملکی فوجیوں کے درمیان تصادم بھی ہوا جو کم و بیش نصف گھنٹے تک جاری رہا۔

افغانستان میں ناٹو قیادت والے مشن ریزولیوٹ سپورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ حملہ پر فوری قابو پاکر اسے پسپا کر دیا گیا۔اور اس حملہ میں امریکہ یا اس کا کوئی اتحادی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

ہاں البتہ مقامی باشندوں کے لیے زیرتعمیر ایک اسپتال کو بری طرح نقصان پہنچا۔اس اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر سنگین نے کہا کہ فوجی اڈے سے تھوڑی دوری پر واقع اسپتال میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔

لیکن فوری طور پر یہ نہیں معلوم ہو سکا ہے کہ اسپتال کے اندر آگ لگنے کے وقت کتنے مزدور تھے۔ شمالی پروان صوبہ کے پولس کمانڈر جنرل محفوظ ولی زیادہ نے اس حملہ کی تصدیق کر دی ۔

اس سے قبل یہ رپورٹ ملی تھی کہ یہ خود کش دھماکہ کسی امریکی فوجی قافلہ کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔یہ خود کش حملہ قطر کے دارالخلافہ دوحہ میں طالبان اور امریکی وفود کے درمیان امن مذاکرات کے پانچویں روز ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *