کابل: جب سے طالبان نے افغانستان میں عنان حکومت سنبھالی ہے افغانستان کے مختلف شہروں حتیٰ کہ قومی دارالخلافہ کابل تک میں بم دھماکے، فائرنگ اور حملے روز کا معمول بن گئے ہیں۔ابھی کابل میں ایک اسکول اور ایک تعلیمی مرکز کو نشانہ بنا کر کیے گئے تین دھماکوں کی بازگشت تھمی بھی نہیں تھی کہ کابل میں ہی ایک اور دھماکہ ہوا لیکن خوش قسمتی سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ دو معصوم بچے زخمی ہو گئے۔
ابھی تک کسی گروپ ،تنظیم یا فرد نے اس دھماکے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ٹولو نیوز نے وزارت داخلہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یہ دھماکہ کابل شہر کے پولس ڈسٹرکٹ5کے تحت آنے والے علاقہ قمبار چوراہے پر ہوا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس آئی ای ڈی سے کیے گئے دھماکے میں دو بچے زخمی ہو گئے۔
قندھار صوبے کے شاہ ولی کوٹ ڈسٹرکٹ میں بھی مارچ کے مہینے میں ایک دھماکہ ہو چکا ہے جس میں چار بچے ہلاک ہو گئے تھے۔یہ وہی علاقہ ہے جہاں پانچ سال پہلے بھی ایک دھماکہ ہوا تھا جس میں قمبر چوراہے پر ہی واقع مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت و تعلیم 14کیڈٹس مارے گئے تھے۔
