ممبئی: فلم انڈسٹری کے سب سے زیادہ موضوع بحث بنے رہنے والے معاملات میں سے ایک گلشن کمار قتل کیس میں بامبے ہائی کورٹ نے اپنا فیصلہ سنادیا جس میں اس نے قتل کے مجرم عبدالرو¿ف عرف داو¿د مرچنٹ کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا ہے۔بامبے ہائی کورٹ نے ٹی سیریز کے بانی و مالک گلشن کمار قتل کیس میں عبدالرؤف عرف داؤد مرچنٹ کو مجرم قراردیتے ہوئے اس کو عمرقید کی سز ا کا فیصلہ برقرار رکھا۔
علاوہ ازیں ہائی کورٹ نے شریک جرم عبد الرشید کو بھی مجرم قرار دیا ہے جسے پہلے سیشن کورٹ نے بری کردیا تھا۔مہاراشٹر سرکار نے عبدالرشید کو بری کرنے کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ عبدالرشید کوعمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ بامبے ہائی کورٹ نے اس معاملہ میں جہاں ایک جانب انڈر ولڈ ڈان اور ممبئی بم دھماکوں کے مجرم داؤد ابراہیم کے معتمد خاص عبد الرؤف مرچنٹ کی سزا کو برقرار رکھا وہیں رمیش تورانی کو بری کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی مہاراشٹرا حکومت کی اپیل بھی خارج کر دی۔
واضح ہو کہ داؤد مرچنٹ کو گلشن کے قتل کے جرم میں 2002میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔اسے سات سال بعد پیرول پر رہا کیا گیا تو وہ بنگلہ دیش فرار ہو گیا۔بعد میں اسے ہند واپس لے آیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ گلشن کو اندھیری علاقہ کے جیت نگر میں واقع جتیشور مہادیو مندر میں صبح8بجے پوجا کرنے پہنچتے ہی مند ر کے باہر ہی گولیوں سے بھون دیا گیا تھا ۔ ان کے جسم میں 16گولیاں پیوست ہو گئی تھیں۔
